ملکوال اور کھیوڑہ کے درمیان سفاری ٹرین چلانے کیلئے محکمہ ریلوے نے اقدامات شروع کردیئے


سرگودھا (صباح نیوز)حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے ملکوال اور کھیوڑہ کے درمیان سفاری ٹرین چلانے کیلئے محکمہ ریلوے نے اقدامات شروع کردیئے۔

قبل ازیں راولپنڈی سے اٹک خرد تک سفاری ٹرین چلائی جارہی ہے دوسرے مرحلہ میں ملکوال سے کھیوڑہ کیلئے سفاری ٹرین کا آغاز کیا جارہا ہے جس کا دو طرفہ کرایہ 800روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ،یہ ٹرین صبح8بجے ملکوال سے کھیوڑہ کیلئے روانہ ہوگی اور شام 3بجے کھیوڑہ سے ملکوال کیلئے آئیگی تاکہ سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملنے کیساتھ ساتھ ریلوے کے خزانے کو بھی فائدہ پہنچے محکمہ ریلوے نے تیسری سفاری ٹرین پشاور سے لنڈی کوتل تک چلانے کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ۔ پشاور سے لنڈی کوتل تک سفاری ٹرین کے اجرا کیلئے ریلوے لائن کو بحال کرنے کیلئے فنڈز مختص کئے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو بہتر سے بہتر سیاحتی سہولتیں فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔