لاہور(صباح نیوز)لاہور کے پانچ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے باعث لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے2پیپر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کنٹرولرامتحانات لاہور بورڈ نے کمشنر لاہور کو خط لکھ دیا، خط کے مطابق 20اپریل کو کیمسٹری اور 22اپریل کو انگریزی کا پرچہ ملتوی کیا جائے گا۔ امتحانات کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت 1315 افراد کی الیکشن ڈیوٹی لگی، الیکشن ڈیوٹی کے باعث عملے کا امتحانات میں ڈیوٹی کرنا ممکن نہیں۔دوسری جانب پشاورتعلیمی بورڈ کے زیراہتمام میٹرک امتحانات کل شروع ہونگے تاہم بارشوں کے باعث اپر لوئرچترال میں 18،19اور20اپریل کو ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے، مذکورہ پرچوں کا نیا شیڈول دوبارہ جاری کیا جائے گا۔