نوجوان پاکستان کا مستقبل ، کسی حکومت نے ان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل نہیں کیا ، جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے اس کو درپیش مسائل پر کسی حکومت نے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے۔ ہر سال 8ہزار سے زائد تعلیم یافتہ افراد پاکستان سے ہجرت کرجاتے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹر میں دوروزہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ جو قوم نوجوانوں کو نظر انداز کرتی ہے ان کا مستقبل روشن نہیں ہوسکتا۔ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے جہاں پاکستان کو قدرتی وسائل سے مالامال بنایا ،وہاں افرادی قوت بھی عطا کی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اس افرادی قوت سے بھر پور انداز میں فائدہ اٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے میں مدد کی اور ان کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے ۔ یہ ایک طلبہ تنظیم نہیں ہے بلکہ ایک جدوجہد اور تحریک کا نام ہے ، اس نے پاکستان کو کئی چمکتے دمکتے ستارے دیئے ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کی ترقی کے لیے ان تھک محنت کی اور دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسی تحریک سے وابستہ ہیں جو سید ابو الاعلیٰ موددی نے بر پا کی اور آج دنیا کے ہر بر اعظم میں موجود ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا۔ اس کی بنیادوںمیں ہزاروں شہیدوں کا خون ہے۔ ہمیں عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے، ملک کو ترقی کی منازل پر گامزن کریں گے اور ملک میں اسلامی نظام حیات کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریںگے۔