مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پارلیمانی الیکشن،ایل او سی پر ہائی الرٹ


سرینگر: بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں پارلیمانی الیکشن کے موقع پر کنٹرول لائن پر اپنی سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔مقبوضہ جموں کشمیر  کے پانچ  پارلیمانی حلقوں میں پانچ مرحلوں میں پولنگ ہوگی، بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس ( بی  ایس ایف ) نے دعوکیا ہے کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے دوران مبینہ در اندازی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔

آئی جی بی ایس ایف اشوک یادو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی اور بین الاقوامی سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لوگ سبھا انتخابات کے پیش نظر کنٹرول لائن پر در اندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہونے کا امکان ہے جس کے پیش نظر سرحدوں پر فوج کی چوکسی بڑھا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف اور فوج حالات سے نمٹنے کے لیے چوکس  اور تیار ہے ۔

انہوں نے دعوی کیا کہ برف بگھلنے کے بعد در اندازی کے راستے کھل جاتے ہیں ہم نے ان علاقوں میں خطرے کے نقشے بنائے ہیں فورسز ان کے مطابق علاقے میں مشقیں کریں گی ۔ آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ بی ایس  ایف کی تقریباً 65 کمپنیاں جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ کشمیر کے اندرونی علاقوں میں تعینات ہیں تاکہ سیکیورٹی گرڈ کو مضبوط کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا انتخابات کو پر امن طریقے سے یقینی بنانے کے لیے ہم ہر طرح کے اقدامات اٹھائیں گے ۔