پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے شانگلہ میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پانچ چینیوں اور ایک پاکستانی کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔ انھوں نے کہا کہ دشمن طاقتیں مستقل طور پر اس طرح کے واقعات سے دونوں ممالک کے درمیان نفرت اور بد اعتمادی کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ دشمن پاک چین تعلقات اور اقتصادی راہداری(سی پیک) کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ سانحہ پر چینی عوام اور حکومت سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت ملک دشمن عناصر کا پتا لگائے اور انھیں کیفرِ کردار تک پہنچائے۔پاک چین تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کو عزت واحترام دیتے اور دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے دشمن اور ترقی مخالف عناصر کی نظر میں پاک چین تعلقات کھٹکتے ہیں اور ماضی میں بھی اس طرح کے ناپاک منصوبوں اور سازشوں سے انہیں ٹھیس پہنچانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات کی خواہش رکھتی ہے۔ حکومت چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کا تحفظ یقینی بنائے۔۔