لاہور (صباح نیوز)پاکستان کے معروف قومی کرکٹر عماد وسیم نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کردیا۔عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی کے آفیشلز سے ملاقات کے بعد میں نے اس بات پر غور کیا کہ کیوں نہ ریٹائرمنٹ واپس لے لوں۔انہوں نے کہاکہ میں نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور اب قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گا۔عماد وسیم نے کہاکہ میں قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے لیے دستیاب ہوں گا۔انہوں نے مزید کہاکہ سب سے پہلے پاکستان ہے، میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ملک کے اعزازات لانے کی کوشش کروں گا۔
اس موقع پر قومی کرکٹرز نے اعتماد دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ عماد وسیم کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے اور انہوں نے نومبر 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ عماد وسیم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 9 )کے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے انہوں نے فائنل، ایلیمنیٹر 2، ایلیمنیٹر 1 اور آخری گروپ میچ میں فتح گر پرفارمنسز دے کر ٹیم کو ٹائٹل جتوایا تھا۔۔