سابق سیکرٹری خارجہ و سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان انتقال کر گئے


لاہور(صباح نیوز)سابق سیکرٹری خارجہ ، پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے سابق چیئرمین شہریار خان لاہور میں انتقال کرگئے۔ شہریار خان کے اہل خانہ کی جانب سے انتقال کی تصدیق کردی گئی ۔شہریار خان کی ہفتے کی صبح ساڑھے 4 بجے گھر پر اچانک طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی عمر 89 برس تھی۔

انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور 4 بچے چھوڑے ہیں۔ مرحوم کی میت بذریعہ ائیر ایمبولینس کراچی پہنچاکر نماز جنازہ کراچی ہی میں ادا کی جائے گی۔شہریار خان 29مارچ 1934کو لکھن بھارت میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم انگلستان سے حاصل کی۔ تقسیم ہند کے بعد شہریار خان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان آ گیا اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔شہریار خان معروف سفارتکار تھے۔ وہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ بھی رہے۔ اس کے علاوہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور 2 بار چیئرمین پی سی بی بھی رہے۔ مرحوم بھارت کے سابق کپتان نواب منصور خان پٹودی کے کزن تھے اور پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تھے۔

سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے انتقال پرچیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور  شہریار خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ شہریار خان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔