پشاور ہائیکورٹ ، ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر حکومت اور متعلقہ اداروں سے جواب طلب


پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، حکومت اور متعلقہ اداروں سے جواب طلب کرلیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے ایکس کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کھلے ہیں، تو صرف ایکس کو کیوں بند کیا گیا ؟ جس پر وکیل درخواست گزار نعمان محب کاکاخیل نے بتایا کہ ایکس ایک فارمل پلیٹ فارم ہے، جو سب کے استعمال میں ہے۔عدالت نے کہا کہ ایکس کو کیوں بند کیا گیا ، وزرات داخلہ نے وجوہات نہیں بتائیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ وزارت داخلہ اور پی ٹی اے سے جواب طلب کرنا ضروری ہے تاکہ پتا چلے کیوں بند کیا گیا ۔بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی ۔