اسلام آباد + کراچی (صباح نیوز) ملک بھر میں نوجوانوں بالخصوص کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے اختتامی لمحات میں گراؤنڈ میں فلسطینی جھنڈے دیکھ کر انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے کھلاڑیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس روایت کو برقرار رکھا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے وسیع نیشنل گراؤنڈ میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے بعد فاتح ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کے نوجوان کندھوں پر فلسطینی جھنڈے رکھے ہوئے نمودار ہوئے ۔ ان نوجوانوں کے چہرے خوشی سے تمتما رہے تھے پاکستان کے اس بڑے ایونٹ کے موقع پر گراؤنڈ میں اختتامی لمحات میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا گیا یاد رہے کہ مختلف گراؤنڈز میں میچز کے دوران اسٹیڈیم میں بیٹھے بعض شائقین فلسطینی جھنڈے اٹھا لائے تھے ۔ جبکہ گراؤنڈ میں بھی فاتح ٹیم کے کھلاڑی فلسطینی جھنڈے اٹھائے اسٹیڈیم میں شائقین کے سامنے سے گزرے تو غیر معمولی مناظر دیکھنے میں آئے اور کیمرے کی آنکھ میں ان مناظر کو محفوظ کر لیا گیا ۔
ہر سطح پر کھلاڑیوں کی اس حوالے سے پذیرائی کی جا رہی ہے سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے ۔ نوجوانوں نے کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ اس قسم کے اہم ایونٹس کے موقع پر فلسطینیوں کو ضرور یاد رکھیں جو تاریخ کے بدترین ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ دنیا بھر بالخصوص یورپ اور مغربی ممالک میں بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بشمول فنکار ادا کار بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں ۔