کراچی(صباح ںیوز) جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری،مرکزی شوریٰ کے رکن اور سندھ کے معروف سیاسی سماجی رہنما عبدالحفیظ بجارانی خانپور کے قریب روڈ حادثے میں جان بحق ہوگئے، مرحوم دعوت افطار کے اجتماع سے خطاب کے بعد واپس اپنے گاؤں کرمپور جارہے تھے کہ پارکو آئل کمپنی کے قریب ان کی گاڑی جو حادثہ پیش آیا اور موقعہ پر ہی جان بحق جبکہ ساتھ موجود کزن درمحمد بجارانی بھی شدید زخمی ہوگئے۔ 55 سالہ عبدالحفیظ بجارانی نے پسماندگان میں بیوا، 4 بیٹے اور 4 بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔مرحوم کی اچانک موت سے جماعت اسلامی سمیت ان کے خاندان اور جیکب آباد،کندھ کوٹ کشمور اضلاع سمیت سندھ بھر کے عوام سوگ میں مبتلا ہیں۔ مرحوم ایک متحرک رہنما اور موجودہ امیر سراج الحق کے دور طالبعلمی میں جمعیت سے وابستہ اور مقام سے لیکر ڈویزن تک کے ناظم رہے۔ کشمور اور ٹھل سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار بھی رہے۔پورا خاندان تحریک اسلامی سے وابستہ ہے۔
چھوٹے بھائی امداد اللہ بجارانی سابق امیر ضلع اور ضلعی شوریٰ کے رکن ہیں۔نماز جنازہ کل 19 مارچ کو کرمپور کے قریب مرحوم کے آبائی گاؤں امام الدین بجارانی میں ادا کی جائے گی۔دریں اثناء مرکزی امیر سراج الحق، نائب امراء لیاقت بلوچ، اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، راشد نسیم، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، ممتاز حسین سہتو، پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ چنا، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت اہم رہنمائوں نے اس افسوس ناک حادثے میں عبدالحفیظ بجارانی کی موت پر گھرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی کامل مغفرت،درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ عبدالحفیظ بجارانی ایک حقیقی انقلابی اور دعوت دین کے بہترین مبلغ تھے وہ دورطالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ رہے وہ ایک بہترین سیاسی،سماجی اور علاقے کے ہردلعزیز شخصیت تھے، سرداری نظام میں مساکین، مظلوم لوگوں کے دل کی آواز بنے رہے۔کشمورکندھ کوٹ،جیکب آباد اضلاع میں ڈاکو راج، اغوا برائے تاوان اور بے امنی کے خلاف ہمیشہ توانا آواز بلند کی اور سڑکوں سے لیکر تھانوں اور انتظامی افسران تک احتجاجی آواز بلند کی۔ انیک خوبیوں کے مالک،نفیس اور شریف النفس منسکر مزاج انسان تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔