تحریک آزادی کے نازک موڑ پر کشمیری قوم ماہ رمضان میں ایک دوسرے کی ضرورتوں کا خیال رکھے،شبیر احمد شاہ


نئی دہلی:بھارت کے بد نام زمانہ تہاڑ جیل میں قیدکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور چیئرمین جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی شبیر احمد شاہ  نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے پر تھکن اور پرخار سفر میں مصائب سے گزرنا اور مشکلات کا خندہ پیشانی کا سامنا کرنا زندہ قوموں کی نشانی ہے

جیل سے قوم کے نام اپنے پیغام میں شبیر احمد شاہ نے جدوجہد آزادی میں مصروف بہادر کشمیری قوم کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے رواں جدوجہد آزادی میں جس جرات ، حمیت ، اخلاص ، اخوت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا ہے وہ انتہائی قابل فخر ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریک آزادی کے نازک موڑ پر ہماری قوم ایک دوسرے کی ضرورتوں کا خیال رکھے گی ۔ بالخصوص رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں معاشرے کے کم مراعات یافتہ طبقے بشمول غریب اور بے سہارا بہن بھائیوں ، یتیموں کی کفالت کرنے میں کسی قسم کی کسر باقی نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے کشمیر کے غیور عوام سے اپیل کی ہے کہ مقامی سطح پر بیت المال کی کمیٹیوں کو فعال اور متحرک کیا جائے تاکہ کوئی بے کس رمضان المبارک کی برکات سے محروم نہ رہے ۔۔