اسلام آباد /لاہور(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورلاہور میں یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیا صرف بینظیر انکم سپورٹ اور احساس پروگرام پر دئیے جانے کے باعث عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عام شہری رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث یوٹیلٹی اسٹورز پر آکر خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ رمضان سے قبل تمام شہری یوٹیلٹی اسٹورز سے سستی خریداری کر سکتے تھے، اب عام شہریوں کیلئے بغیر رجسٹریشن یوٹیلٹی اسٹورز سے خریداری ختم کردی گئی ہے۔ دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عام شہری رعایتی نرخوں پر اشیا نہیں خرید سکتے، عام شہری معمول کی قیمتوں پر خریداری کرسکتے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ افراد ہی رعایتی نرخوں پر اشیا کی خریداری کر سکتے ہیں۔