کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا کہ نگراں حکومت سابقہ پی ڈی ایم کا تسلسل تھی جس نے ملک وقوم کی بجائے امریکہ،اسرائیل اور آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ کیا، جعلی انتخابات سمیت مہنگائی وبیروزگاری کی بنیادی وجہ بھی کڑی وناقابل شرائط پر آئی ایم ایف کے قرضے ہیں جس کا خیمازہ قوم بھگت رہی ہے۔ جماعت اسلامی مینڈیٹ چوری کے خلاف اور ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی آئینی وجمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ نگراں حکومت جس کا بنیادی واصل کام ہی ملک میں شفاف وغیر جانبدر انتخابات کرانا تھا اس نے الیکشن کمیشن کے ساتھ ملکر عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے میں سب سے بڑا کردار ادا کیا اور نتائج کی تبدیلی سے ایک جعلی حکومت بنوائی گئی پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بطورانعام پی سی بی چیف کے بعد وزارت داخلہ کا قلمدان ملنا اس بات کا کھلا ثبوت ہے۔آئی ایم ایف کی فرمائش پر دومرتبہ گیس اور 7 بار بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی گئی اسی طرح کشمیر اور فلسطین کے اشوز پر بھی ان کا کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔
غزہ میں انسانیت کے قتل عام کی مذمت اوران کا ساتھ دینے کی بجائے نگران وزیراعظم نے فلسطین کے دوریاستی حل کی بات کرکے مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پرنمک پاشی کی گئی ۔فلسطین سے لیکر بلوچستان گمشدہ افراد کے حوالے سے ان کا کردار غیرجمہوری اورانتہائی نامناسب رہا۔صوبائی امیرنے مزید کہا کہ آج پی ڈی ایم پلس حکومت میں وفاق اور صوبائی نگرانوں کو چن چن کر اعلیٰ عہدوں سے نوازا جارہا ہے یہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ زنی کا انعام ہے،حقیقت یہ ہے کہ چوروں کو چوکیدار بنانے سے حالات میں بہتری آسکتی ہے اور نہ ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔