رمضان المبارک صبر کا مہینہ، صبر کا حصول اطاعت رب سے ہی ممکن ہے۔رخشندہ منیب


کراچی(صباح نیوز) رمضان المبارک صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا حصول اطاعت رب سے ہی ممکن ہے ۔یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اپنے بیان میں کہی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار رمضان المبارک ایسے موقع پر آرہا ہے جب امت مضطرب ہے۔ ایک طرف مسلم حکمرانوں کی رنگینیاں اور آخرت سے بے خوفی ہے تو دوسری جانب طاغوتی طاقتیں متحد ہوکر امت مسلمہ پر بالکل بھوکے بھیڑیوں کی طرح حملہ آور ہیں۔ فلسطینی سر زمین مسلمانوں کے لئے تنگ کی جارہی ہے۔ اس وقت اتحاد امت و یکجہتی ملت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ  دورہ قرآن میں سسکتی امت کے مسائل ، طاغوتی طاقتوں کی چالیں اور پرفتن دور کی ریشہ دوانیوں کو بہتر انداز سے سمجھتے ہوئے دوسروں کو بھی بہترین انداز سے حکمت کے ساتھ سمجھایا جائے۔۔اسرائیلی مصنوعات کا بھرپور انداز میں بائکاٹ کریں ۔  قرآن سے اپنے تعلق کو  مضبوط کرتے ہوئے اپنی انفرادی عبادتوں کو بہتر کرنے کی کوشش کی جائے۔