الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کی راولپنڈی میں ڈونر کانفرنس،دو کروڑ پندرہ لاکھ کے عطیات


اسلام آباد (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے زیر اہتمام راولپنڈی میں ڈونر کانفرنس میں دو کرڑ پندرہ لاکھ کے عطیات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں 28 ہزار یتیم بچوں کی کفالت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے جبکہ الخدمت کے زیر انتظام چلنے والے آغوش ادارے اقامتی طور پر بچوں کی مکمل تعلیم و تربیت کے لیے غیر معمولی کردار ادا کر رہے ہیں ، اس وقت پاکستان میں 46 لاکھ یتیم بچے ہیں جنکی تعلیم و تربیت اس فاونڈیشن کی ذمہ داری ہے ، پاکستان آزاد کشمیر کے عوام یتیم بچوں اور بے سہارا لوگوں کی خدمت کے لیے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے ہے ۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر ائیر مارشل فاروق حبیب نے الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے زیر اہتمام راولپنڈی اسلام آباد میں منعقدہ ڈونر کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس تقریب کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے صدر کرنل ( ر ) سردار ظفر رشید عباسی نے کی ۔

اس موقع پر کموڈور محسن مرزا ، الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر سردار عبد القیوم خان ، سیکرٹری جنرل آفتاب عالم ایڈووکیٹ ، ریجنل منیجر شہزاد اسلم ، واجد اقبال عباسی اور دیگر نے کیا ۔ اس موقع پر تین سو یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت کے لیے دو کروڑ روپے پندرہ لاکھ روپے سے زائد رقم مختص کرنے کا اعلان کیا گیا اور ان کی ادائیگی کے لیے ایک میکنزم تشکیل دیا گیا ۔ اس ڈونر کانفرنس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباً پانچ سو خواتین و حضرات نے شرکت کی اور الخدمت فاؤنڈیشن راولپنڈی اسلام آباد کے یتیم بچوں کی کفالت تحریک میں بھرپور کردار ادا کیا ۔

تقریب نے شرکاء نے الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کی یتامیٰ کفالت ، ایمرجنسی رسپانس ، صاف پانی کے منصوبوں ، سکلز سنٹرز ، غریب اور ضرورتمند افراد کی مدد سمیت دیگر شعبوں میں خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس بات کا عزم کیا کہ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی بھرپور تعاون کریں گے ۔ صدر تقریب کرنل ( ر ) ظفر رشید عباسی نے تمام ڈونرز جن میں کاروباری شخصیات ، وکلاء ، سیاسی کارکنان ، سماجی اداروں کے اراکین ، خواتین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مختصر کال پر دو کروڑ سے زائد رقم کا انتظام کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے ہماری جدوجہد جاری رہیگی اور محروم طبقات کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔ تقریب کے آخر میں تمام شرکاء کے لیے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ۔