عالمی یوم خواتین کے موقع پر میرپور میں خصوصی تقریب


میرپور(صباح نیوز) معاون خصوصی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر برائے قانون و انصاف و پارلیمانی امور و بنیادی حقوق محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا ہے کہ خواتین ملکی آبادی کا 50فیصد سے زائد حصہ ہیں جو مختلف شعبوں میں اپنے اپنے کارہائے نمایاں مردوں کے ساتھ شانہ بشانہ سرانجام دے رہی ہیں۔پاکستان میں خواتین کو تمام حقوق مل رہے ہیں جبکہ اس کے مقابلہ میں مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے ساتھ بھارتی درندہ صفت فوج انسانیت سوز مظالم اور عصمت دری میں مصروف عمل ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔اقوام عالم سے پرزور مطالبہ ہے کہ وہ دنیا کے دیگر ممالک میں بسنے والی خواتین کے حقوق کے دفاع کی طرح مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی حقوق کا بھی دفاع کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام میاں محمد بخش لائبریری میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار کی صدارت معروف قانون دان محترمہ سدرہ لطیف ایڈووکیٹ نے کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جے کے ایس ڈی ایم آئی کے کنٹری کوارڈنیٹر راجہ ساجد محمود نے سر انجام دیئے۔سیمینار سے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ صباح اویس،جموں وکشمیر پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کے صدر چوہدری منیر حسین ایڈووکیٹ،پرنسپل گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج محترمہ پروین اختر،سابق ڈائریکٹر میاں محمد بخش لائبریری پروفیسر عبدالرزاق،سابق میئر ہیلی فیکس ارشد حسین،سوشل ویلفیئر آفیسر محترمہ شاہین نے خطاب کیا جبکہ سیمینار میں ڈائریکٹر میاں محمد بخش لائبریری محترمہ بشری رحیم،سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید،ریڈیو اینکر راجہ عبدالرف،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

معاون خصوصی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر برائے قانون و انصاف و پارلیمانی امور و بنیادی حقوق محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان)کی کاوشوں سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کے انعقاد پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ راجہ نجابت حسین تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اسی وجہ سے ان کی خدمات کے صلہ میں حکومت پاکستان نے انھیں ستارہ پاکستان جیسے قومی سول ایوارڈ سے نواز ہے۔ انھوں نے کہاکہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کے ترقی بغیر نہ کوئی ملک اور نہ ہی کوئی معاشرہ ترقی کرسکتا ہے۔ حکومت آزادکشمیر خواتین کی ترقی اور انھیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔انھوں نے کہاکہ جہاں کئی خواتین کے حقوق کی حق تلفی ہوگی قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی آواز بنوں گی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سدرہ لطیف ایڈووکیٹ نے کہا کہ خواتین کو دین اسلام نے بہت اہم مقام اور اہمیت دے رکھی ہے۔خواتین ماں،بہن،بیٹی کی حیثیت میں انتہائی فعال کردار ادا کررہی ہیں۔جو ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ سیاست سمیت پاک فوج اور پولیس میں بھی ہماری خواتین کا اہم رول ہے۔مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں خواتین کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک اور عصمت دری کے واقعات پر دنیا بھر کی خواتین کو آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ انھیں دوسرے مہذب ممالک کی طرح حقوق مل سکیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر (نسواں)محترمہ صبا اویس نے مختلف قراردادیں پیش کیں جن میں مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام اور خواتین اور بچوں کے ساتھ انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور دنیا کہ مہذب ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بند کروائی جائے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ انسانیت کے قاتل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کی پوری کشمیری قوم کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔ایک اور قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی غاصبانہ تسلط سے جلد از جلد آزادی حاصل کریں گے اور بھارتی تمام جابرانہ ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔ایک اور قرارداد میں خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سے نہتے شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کو بری طرح سلب کرنے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ایک اور قرارداد میں مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام اور خواتین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا اور انھیں یقین دلایا کہ راہ آزادی میں ان کی تحریک میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی جانی و مالی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر شہدا کشمیر،شہدا پاکستان،شہدائے پاک افواج،شہدائے سیکورٹی ایجنسیوں کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔