کراچی (صباح نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) نے اپنی رابطہ کمیٹی تحلیل کرکے اس کی تنظیم نو کے لیے ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے دی۔ترجمان ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پارٹی سربراہ ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کی زیرصدارت ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران رابطہ کمیٹی کوتحلیل کر کے تنظیم نوکرنیکی تجویز دی گئی۔
ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کی تنظیم نو کے لیے ایڈہاک کمیٹی بنادی گئی ہے جس میں خالد مقبول صدیقی، مصطفی کمال اور فاروق ستار شامل ہیں۔ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ انیس قائم خانی اور نسرین جلیل بھی ایڈہاک کمیٹی میں شامل ہیں۔دوسری جانب ذرائع ایم کیو ایم نے بتایاکہ رابطہ کمیٹی کو آڈیو لیک سامنے آنے کے بعد تحلیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم اجلاس میں ن لیگ سے مذاکرات پر مصطفی کمال کی بریفنگ کی آڈیو لیک ہوئی تھی۔بعد ازاں مصطفی کمال نے اپنی لیک آڈیو کو درست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ میری ہی آواز ہے، میں الیکشن کے بعد ایم کیو ایم کی مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہوں تو ہماری مسلم لیگ(ن) سے پے درپے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔