کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ووسابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ رمضان میں پرائس کنٹرول کے معاملے کو رشوت کے بجائے عوامی ریلیف کے طور پرعمل کرانے کی ضرورت ہے۔ سندھ میں مہنگائی کے شکار خاندان خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے مہنگائی کے خلاف نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کے تحت مقامی ہال میں منعقد سیمینار سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ان کا مزیدکہنا تھاکہ مہنگائی سے وائٹ کالر طبقہ زیادہ پریشان ہے، حکومت کو احساس نہیں ہے کہ غریب شہری کس طرح گزر بسر کررہاہے۔ وزیر اعلی سندھ نمائشی اقدام کے بجائے اپنی رٹ قائم کرکے گراں فروشی و ناجائز منافع خوری پر کنٹرول کرائیں۔اس موقع پر نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کے صدر سید شہزاد مظہر، جنرل سیکریٹری رانا عرفان، اہمیت کے ایڈیٹر سردار انوار بلوچ، مرکزی مسلم لیگ کے عبداللہ ہمدانی، عامر نجیب، لئیق خان، محمد صدیق کلاڈیہ، انجینئر وسیم فاروقی، شاہد گدی و محمد اسلم فاروقی نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں ایشین فورم کے طارق شاداب، ہیلپ لائن ٹرسٹ کے محمد یاسر معین و ہیومین رائٹس کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔
مقررین نے کہا کہ یہ قومی المیہ ہے کہ مختلف تہواروں پر مہنگائی بڑھ جاتی ہے منافع خور و ذخیرہ اندوز صارفین کو لوٹنے کی باقاعدہ پلاننگ و انتظار کرتے ہیں خاص طور پر ماہ رمضان میں یہ کام عروج پر ہوتا ہے اور قیمتیں بے لگام ہو جاتی ہیں سرکاری نرخ محض کاغذ کا ٹکڑا رہتا ہے۔ بھتہ خوری و ٹریفک پولیس و آڑھتی و بروکرز کی پیدا گیری کی وجہ سے صارفین کو مصنوعی مہنگاکا بوجھ اٹھانا پڑتا ہے ان صارفین کش معاملات پر کمشنری نظام و ادارہ بیورو آف سپلاو پرائس کنٹرول ناکام رہتا ہے- سیمینار میں مختلف سماجی تنظیموں و سول سوسائٹی نے مشاورت کے بعد طے پایا کہ قیمتوں کو قابو کرنے کیلئے ایک متحدہ کنزیومر فورم کا پلیٹ فارم بنایا جائے جسمیں نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کے صدر سید شہزاد مظہر کو اتفاق رائے سے کنوینئر منتخب کیا گیا،
انہوں نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں مارکٹ میں سرکاری نرخ کو چیک کرنے کیلئے مختلف سماجی تنظیموں کے رضاکار و میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹیاں بنائی جائیں گی انہوں نے مہنگاکے خلاف تجاویز کا علامیہ بھی منظور کرایا اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے بلدیاتی نمائندوں کی خدمات کو یوسی کی سطح پر بروئے کار لایا جائے اور ٹاون و یوسی چئیرمن کو خصوصی اختیارات تفویض کیئے جائیں۔