بلوچستان میں سیاسی نہیں جنگی قیدی ہیں ، سردار اختر مینگل

اسلام آباد (صباح نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیاسی نہیں بلکہ جنگی قیدی ہیں ، عمران خان سمیت تمام مرد و خواتین سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ، سانحہ مشرق پاکستان بھی مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے رونما ہوا ،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قومی اسمبلی کے وزیر اعظم کو مبارکباد کے لیے منعقدہ اجلاس میں کیا ۔ اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا ۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ میں بلوچستان کے قیدیوں کی نہیں بلکہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کررہا ہوں کیونکہ بلوچستان میں سیاسی نہیں جنگی قیدی ہیں ۔ گوادر مکمل طور پر ڈوب چکا ہے آپریشنوں میں استعمال ہونے والے ہیلی کاپٹرز کو کچھ وقت کے لیے گوادر کی بحالی کے لیے  ہی استعمال کر لیں ۔ ہم کس کے سامنے اپنا مقدمہ رکھیں ۔

محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں ، بہرحال وزیر اعظم اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کو مبارکباد دیتا ہوں اور اپیل کرتا ہوں کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے وزیر اعظم کو یہی اعلان کرنا چاہیے تھا وہ گوادر پر توجہ دیں انتخابات میں ریاستی اداروں کی مرضی منشی کے خلاف عوام نے مہریں لگائیں  جبکہ انتخابات میں اکثریت نہیں عسکریت جیت گئی  ۔