پشاور(صباح نیوز)موٹر وے پر حادثے کا شکار ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹر وے پر پشاور ٹول پلازہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر ایک گاڑی کے حادثے کی اطلاع پر موٹر وے پولیس امدادی کارروائی کے لیے موقع پر پہنچی تو گاڑی میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔
موٹر وے پولیس کی ٹیم نے گاڑی کی تلاشی لی تو گاڑی کی ڈگی سے 36 کلو گرام چرس اور 30 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔موٹر وے پولیس کی جانب سے برآمد ہونے والی منشیات قبضے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔موٹر وے پولیس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے گاڑی اور برآمد شدہ منشیات پولیس اسٹیشن اکبر پورہ کے حوالے کر دی ۔