پیپلز پارٹی کے میر سرفراز بگٹی وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب


کوئٹہ (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے میر سرفراز بگٹی بلوچستان کے وزیر اعلی ہو گئے۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ تاخیر سے شروع ہوا،اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نئے وزیراعلی کے چناؤکے لیے پولنگ ہوئی۔

سپیکر بلوچستان اسمبلی نے ایوان کے دروازے بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اعلی کے لیے صرف سرفراز بگٹی کے کاغذات جمع کرائے گئے۔سرفراز بگٹی پر 65 کے ایوان میں اتحادی جماعتوں کے  41 ارکان نے اعتماد کا اظہار کیا، جماعت اسلامی کے عبدالمجید بادینی اور حق دو تحریک کے ہدایت الرحمان نے سرفراز بگٹی کے حق میں ووٹ دے دیا، جے یوآئی اور نیشنل پارٹی  نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے پولنگ کے بعد نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میر سرفراز بگٹی 41ووٹ لیکر وزیراعلی منتخب ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان کی وزارت اعلی کیلئے صرف سرفراز بگٹی کے کاغذات جمع کرائے تھے، سرفراز بگٹی کو مسلم لیگ ن اور بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت بھی حاصل تھی۔ بلوچستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 11 ہے جبکہ مسلم لیگ ن 10 سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور بلوچستان عوامی پارٹی 5 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، 6آزاد امیدوار بھی8فروری کو ہونے والے الیکشن میں کامیاب قرار پائے۔