سپریم کورٹ ، آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے چھ بینچ تشکیل


اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے آئندہ  عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے  بینچ تشکیل دے دیئے ہیں ۔

عدالت کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس نے سوموار سے شروع ہونے والے آئندہ عدالتی  ہفتہ کیلیے چھ بینچ تشکیل دیئے ہیں ، بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمدکی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم میاںخیل اور جسٹس محمد علی مظہر، پر مشتمل ہے ، بینچ نمبر دو  نامزدچیف جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس قاضی محمدامین احمد شامل ہیں ، بینچ نمبرتین  میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اورجسٹس یحی ٰآفریدی شامل ہیںبینچ نمبر4 کے ارکان میں جسٹس مقبول باقر،جسٹس مظاہر علی اکبرنقوی،جسٹس جمال خان مندوخیل ، بینچ نمبر پانچ جسٹس اعجاز الاحسن اورجسٹس منیب اخترشامل ہیں بینچ نمبر چھ جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہے ۔

عدالت عظمی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 میں دوبارہ گنتی کامقدمہ سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے ، سینئر سیاستدان میاں محمد سومرو کی اپیل سماعت  پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سر براہی میں تین رکنی بینچ 28 جنوری کو سماعت کرے گا ،یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما اعجازجاکھرانی کی درخواست پر دوبارہ گنتی  کے حکم کو میاں محمد سومرو نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اس کیس میں رجسٹرار سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

دوسری جانب اسی بینچ کے سامنے شریف خاندان کی شوگر ملز سے متعلق کیس 27 جنوری کوسماعت کیلئے  مقرر کیا گیاہے اس کیس کی سماعت کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت اور اتفاق شوگر مل کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں ۔

یاد رہے کہ ہائیکورٹ نے  پنجاب حکومت کوہدایت کی تھی کہ اتفاق شوگر ملز کے قیام کی درخواست کاجائزہ لے کر فیصلہ کرے، ہائیکورٹ کے اس فیصلہ کو حکومت پنجاب نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔