بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا

کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔صوبائی اسمبلی کا اجلاس زمرک اچکزئی کی صدارت میں ہوا، جس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔ اجلاس میں الیکشن کے دوران دھماکوں میں شہید افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر جان محمد جمالی علالت کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے اس لیے گورنر بلوچستان کی جانب سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی کو پر یزائیڈنگ نامزد کیا گیا۔اسمبلی اجلاس میں مجموی طور پر 65 میں سے 57 نومنتخب اراکین نے رکنیت کا حلف اٹھالیا، رکن بلوچستان اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے اراکین سے حلف لیا۔

جام کمال خان،صادق سنجرانی،سردار اختر مینگل اور سرفراز بگٹی حلف برداری کیلئے اسمبلی نہیں پہنچے۔تین حلقوں پر نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے کے سبب انتخاب کا عمل مکمل نہیں ہوا تھا۔ایک حلقہ پر سردار اختر مینگل کی جانب سے قومی اسمبلی نشست پر حلف لینے کے خالی ہے، جبکہ میر صادق سنجرانی اور جام کمال کوئٹہ میں موجود نہ ہونے کے باعث حلف نہیں لے سکے،دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں نومنتخب اراکین کی حلف برداری کے موقع پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

مختلف پارٹیوں کے مظاہرین بلوچستان اسمبلی کی جانب روانہ ہوئے جنہیں پولیس نے راستے میں روک لیا۔ قبل ازیں ریڈوزون و بلوچستان اسمبلی جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی اور شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیے گئے تھے۔واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب جمعرات کو سہ پہر 3 بجے ہوگا۔سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئیکاغذات نامزدگی جمعرات دوپہر 12 بجے تک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں۔