گوادر: 10گھنٹے سے زائد مسلسل بارش، نشیبی علاقے زیرآب، معمولات زندگی شدید متاثر

گوادر(صباح نیوز)گوادر میں 10گھنٹے سے زائد مسلسل بارش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئے ہیں، نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں اور  بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔گوادر میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، سڑکیں  زیر آب آگئیں اور  پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔نکاس کا موثر نظام نہ ہونے سے پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا ہے،گوادر کے علاقوں ٹو باغ ، شیخ عمر، سہرابی وارڈ، ملابند تھانہ وارڈ، شمبے سمائیل میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔جنت بازار اور  بلال مسجد ائیرپورٹ روڈ پر بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا ہے۔چیئرمین یوسی سربندن کے مطابق تیز ہواوں کے باعث کئی کشتیاں آپس میں ٹکرا کر ٹوٹ گئی ہیں۔سربراہ  حق دو تحریک بلوچستان کے نو منتخب اپم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ طوفانی بارش میں پورا گوادر  شہر ڈوب گیا ہے، کرپشن  اور کمیشن خوری کی سزا گوادر کے عوام بھگت رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گوادر میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذکی جائے