اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امراض کے علاج سے زیادہ بچاؤ پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بیماریوں کا علاج مہنگا ہے ، نظامِ صحت پر بوجھ پڑتا ہے ،بیماریوں سے بچاؤ سے ملک کے نظامِ صحت پر دباو میں کمی آئے گی ،لوگوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ پناہ کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی نے صدر ِمملکت کو غیر متعدی بیماریوں اور امراضِ قلب کے حوالے سے پناہ کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔صدر مملکت نے کہا کہ غیر متعدی امرض اور امراضِ قلب کی روک تھام کیلئے آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔بیماریوں سے بچا کیلئے میڈیا، مقامی آبادی ، مساجد اور غیر سرکاری تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آگاہی پیغام بڑے پیمانے پر لوگوں تک پہنچانے کیلئے جدید پلیٹ فارمز کو بروئے کار لایا جائے ۔
وفد نے صدر مملکت کو مختلف بیماریوں سے متعلق آگاہی ، کنٹرول اور تربیت کے حوالے سے پناہ کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا کہ اپنے قیام سے لیکر اب تک پناہ عوامی آگاہی کیلئے مختلف پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہی ہے ،پناہ اب تک آگاہی واکس، سیمینارز، لیکچرز اور تربیتی سیشنز کا اہتمام کر چکی ہے ، پناہ صحت مندانہ سرگرمیوں اور طرزِ زندگی بارے بھی آگاہی پیدا کرتی ہے ۔وفد نے صدر مملکت کو پناہ کی سرگرمیوں اور کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی۔صدر مملکت نے بیماریوں بالخصوص امراض ِ قلب کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں پناہ کے کردار کو سراہا۔