بلوچستان میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش و برفباری جاری،مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی، بجلی غائب


کوئٹہ/میران شاہ(صباح نیوز) بلوچستان میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ کہیں موسلادھار بارش اور کہیں برف باری کا سلسلہ جاری ہےجبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور شوال میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔

بلوچستان میں چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ اور بولان طوفان سے متاثرہوئے  ہیں جہاں شدید بارشیں ہوئیں۔گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی ،جس کے ساتھ ہی کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کے بعد مختلف علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔ کیسکو حکام کے مطابق مین ٹرانسمیشن لائن بند ہونے سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ زیارت، چمن، کوژک ٹاپ، کان مہترزئی اور بولان میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔فروری کے اختتام پر یخ بستہ ہواوں، بارش اور برفباری نے ٹھنڈ پھر بڑھا دی ہے۔

ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور شوال میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔میران شاہ، میر علی، غلام خان اور دتہ خیل کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔علاوہ ازیں چلاس میں تتہ پانی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند شاہراہ قراقرم یکطرفہ ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہے۔