کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سابق سٹی ناظم کراچی اور الخدمت پاکستان کے صدر نعمت اللہ خان ہی حقیقی قومی ہیرو ہیں، جنہوں نے پوری زندگی امانت،دیانت اور خدمت کے جذبے سے گزار کر مثال قائم کی۔تھرپارکر سے لیکر ملک کے دور دراز علاقوں میں عوام کے درد کا مداوا کرنے پہنچنے والے نعمت اللہ خان کو بھلایا نہیں جا سکتا۔
اُنہوں نے خدمت کے میدا ن میں پوری دنیا میں جماعت اسلامی کا نام بھی روشن کیا ۔بابائے کراچی اور سابق میئر مرحوم نعمت اللہ خان کی برسی کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نعمت اللہ خان دُکھی انسانوں کے لیے کے مسیحا اور نظریہ پاکستان کے محافظ تھے جنہوں نے شہر کراچی کی بلاتفریق خدمت کی ۔مرحوم کی دینی،سیاسی اور سماجی خدمات پر قوم انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی کہ وہ آنے والی نسل کے لیے ایک مثال اور چراغ کی مانند ہیں۔یاد رہے کہ مرددرویش نعمت اللہ خان 25فروری 2020کوانتقال کرگئے تھے۔
علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی،نائب امیرایڈوکیٹ ممتاز حسین سہتو،جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے اسلامک لائزر موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور جماعت اسلامی کے رہنما محمد اسد منظور بٹ کو لاہورہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور مظلوم عوام کی دادرسی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ دریں اثنا جماعت اسلامی رہنماؤں نے حیدرآباد ہائی کورٹ بار کے انتخابات میں ایاز تنیو کو صدر،عرفان بگھیوجنرل سیکریٹری سمیت دیگر منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
دریں اثنا امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے سندھ کے ضلعی امرائی اضلاع کا اجلاس اتوار3مارچ کو کوصبح دس بجے قباء آڈیٹوریم میں طلب کرلیا۔ صوبائی ترجمان مجاہدچناکے مطابق ضلعی امرائے اضلاع کے اجلاس میں صوبہ بھر سے ضلعی ذمے داران شریک ہوں گے۔ اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے جائزہ رپورٹ کے علاوہ دیگردعوتی وتنظیمی امورکا جائزہ بھی لیا جائے۔