این سی او سی کا عبادت گاہوں کیلئے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے کا فیصلہ


اسلام آباد (صباح نیوز)ملک میںکوروناوائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) نے مساجد اور عبادت گاہوں کے لئے دوبارہ کوروناوائرس کے حوالے سے جاری ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیاہے۔

مساجد اور عبادت گاہوں سے قالین اٹھانے، چھ فٹ کا سماجی فاصلہ برقراررکھنے اور جمعہ کا خطبہ مختصر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ این سی اوسی کی جانب ہفتہ کے روز جاری ہدایات کے مطابق نمازیوںکے لئے ماسک پہننا لازمی ہوگا، صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو مساجد میںآنے کی اجازت ہو گی۔

بزرگ اور بیمار افراد کو ترجیحاً گھر پر ہی نماز اداکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این سی اوسی نے کہا ہے کہ نمازی وضو گھر سے کر کے آئیں  جبکہ نمازی بار، بار ہاتھوںکو دھوئیں اور سینیٹائز کریں۔ کھلی جگہوںپر نماز پڑھنے کا اہتمام کیا جائے۔ مساجد کی وینٹی لیشن کے لئے دروازے اور کھڑکیاںکھلی رکھی جائیں اور جمعہ کی نماز کا خطبہ مختصر رکھا جائے، ترجیحا! کھلی جگہوں پر نماز پڑھی جائے اور مختصر ترین نماز پڑھی جائے۔