جماعت اسلامی کراچی کے تحت اسرائیلی جارحیت کے خلاف شہر میں 100سے زائد مقامات پر مظاہرے

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اہل غزہ اور مظلوم ونہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور اسرائیل کی جانب سے معصوم بچوں پر بمباری کے خلاف جمعہ کو شہر میں 100 سے زائد  پبلک مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اورمطالبہ کیا گیا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں ، گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھنے والوں کے خلاف اقدامات کریں۔ مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر احتجاج کیا ،جن پرغزہ کی جدودجہد آزادی ظالم اور مظلوم کی عالمی جنگ ہے ،مزاحمت میں زندگی اور غلامی میں موت ہے سمیت دیگر نعر ے درج تھے ،مظاہروں سے امرائے اضلاع اور مقامی ذمہ داران نے خطاب بھی کیا ۔

مقررین نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابلِ احترام ہے۔قبلہ اوّل کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔حماس کے مجاہدین کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے لیکن اسرائیل کی فوجی طاقت کو شکست دے دی ہے۔اسرائیلی فوجی القسام بریگیڈ کا مقابلہ نہیں کرپارہے اس لیے وہ نہتے فلسطینیوں پر بمباری کررہے ہیں۔30ہزار  سے زائد فلسطینی مسلمان شہید ہونے کے باوجود اہل غزہ و فلسطینی مسلمان استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ہم جنوبی افریقہ کے عوام اور حکمرانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں’ جنہوں نے عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ پیش کیا۔ افسوس کا مقام ہے کہ عالم عرب اور پاکستان کے کسی حکمران نے مقدمہ پیش نہیں کیا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ہماری جنگ انسانیت کے دشمنوں اور ان کے مقامی ایجنٹوں کے خلاف ہے اور یہ جنگ ہم لڑتے رہیں گے۔ اسرائیلی فوج معصوم بچوں پر فضائی بمباری کر کے شہید کر ررہی ہے ،اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم غزہ میں رہنا نہیں چاہتے لیکن حماس کے ساتھ جنگ جاری رکھیں گے۔حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل شکست کھا چکا ہے، اسرائیل کو طاقت امریکہ، برطانیہ اور یورپ نے فراہم کی ہے۔ نگراں وزیر اعظم سن لیں مسئلہ فلسطین کو دو ریاستی حل کہنے والا امریکی ایجنٹ کہلایا جائے گا۔ ہم بانی پاکستان کے فرمان سے روگردانی نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے ساتھ ہے لیکن امریکی عوام فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔پورے یورپ میں اسرائیلی جارحیت اور اپنے حکمرانوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ضلع غربی میں ،ضلع کیماڑی ،ضلع ائیرپورٹ،ضلع وسطی گلبرگ،ضلع ملیر،ضلع وسطی،ضلع شمالی،ضلع جنوبی،ضلع قائدین،ضلع کورنگی ،ضلع شرقی ، ضلع گڈاپ معمار، ضلع سائٹ غربی سمیت 100سے زائدمقامات پر مظاہرے کیے گئے۔یہ مظاہرے بنارس، میٹروویل،گلشن غازی، اتحاد ٹاؤن، مشرف کالونی، اسلامیہ کالونی،فرنٹیئر موڑ، باوانی چالی،ماڈل کالونی، جناح اسکوائر، کوثر ٹاؤن،چمن کالونی، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال ،گرین ٹاؤن،

رفاع عام،لیاری، کلفٹن، دہلی کالونی، پنجاب کالونی،صدر،محمود آباد،اختر کالونی،کالاپل، کینٹ، فاطمہ جناح کالونی، سبزی منڈی، مارٹن کوارٹر جہانگیر روڈ،پی آئی بی کالونی،لائنز ایریا ،ناظم آباد ، لیاقت آباد ، نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، سرجانی ٹائون ، ملیر ، سعود آباد ، لانڈھی ، کورنگی ، کیماڑی ، اورنگی ٹائون ، بلدیہ ٹائون ودیگر مقاما ت پر کیے گئے۔ مظاہروں سے امراء اضلاع سیف الدین ایڈوکیٹ ،سید عبد الرشید، عبد الجمیل خان، مولانا مدثر حسین انصاری ،مولانا فضل احد،محمد یوسف، محمد اسلام،عبد الرزاق خان ،عرفان احمد ،نائب امیر ضلع شرقی انجینئر عزیز الدین ظفر ، فاروق نعمت اللہ،وجیہ حسن،توفیق الدین صدیقی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔