کراچی (صباح نیوز)ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ روز سے چلنے والی تیز گرد آلود ہوائوںکے باعث حادثات میں ایک اور شخص کی جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد شہر میں ان تیز جھکڑوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق صبح دھوراجی کالونی میں فٹ پاتھ پر سویا ہوا شخص تیز ہوا کے باعث بلاک چہرے پر لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ایس ایس پی ایسٹ نے یہ بھی بتایا ہے کہ جاں بحق شخص نشے کا عادی تھا، جس کی لاش جناح ہسپتا ل منتقل کی گئی ۔اس سے قبل شہر میں چلنے والی گرد آلود تیز ہوائوں کے باعث دکانوں اور مکانات کی چھتیں، دیواریں اور بجلی کا پول گرنے سے ان کے نیچے دب کر 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، ہواوں کے جھکڑ کے باعث درخت بھی اکھڑ گئے۔سرجانی ٹاون کے علاقے گلشنِ کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا، جس کی عباسی شہید اسپتال میں 7 سالہ عبدالرحمن ولد محبوب علی کے نام سے شناخت ہوئی۔
اورنگی ٹان سیکٹر 4 اقبال مارکیٹ کے علاقے راجہ تنویر کالونی عائشہ مسجد کے قریب دیوار گرنے سے 5 سالہ فرمان ولد شمس الرحمن زخمی ہو گیا جو عباسی شہید اسپتال میں دورانِ علاج چل بسا۔گلشنِ معمار انور مری گوٹھ واٹر بورڈ کے دفتر کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 1 شخص جاں بحق ہو گیا، 45 سالہ متوفی کی فوری شناخت نہیں ہو سکی۔سائٹ بی کے علاقے گلبائی پل کے قریب زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر مزدور جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 55 سالہ فقیر حسین ولد منظور حسین کے نام سے ہوئی ۔تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے قریب واقع لائبریری کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق عباسی شہید ہسپتال میں لاش کی شناخت 60 سالہ رتن ولد باغ کے نام سے ہوئی ہے۔موچکو کے علاقے مواچھ گوٹھ میں چھت کا کچھ حصہ گر گیا، جس کے ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت 55 سالہ عبدالغفور، 50 سالہ حمیدہ زوجہ غفور اور 18 سالہ حمیرا زوجہ عبدالرف کے ناموں سے ہوئی ہے۔گلشنِ اقبال اور نارتھ ناظم آباد میں درخت گر گئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔پولیس کے مطابق تین ہٹی کے مقام پر تیز ہوا سے درخت گر گیا جس کے باعث 2 رکشوں اور چائے خانے کو نقصان پہنچا۔