اسرائیل کی دہشت گردی و اہل غزہ سے یکجہتی ، جماعت اسلامی کے تحت (جمعہ کو) 100سے زائد مظاہرے ہوں گے

کراچی (صباح نیوز) غزہ میں اسرائیل کی جاری بدترین دہشت گردی ، ہسپتالوں اور اسکولوں سمیت رہائشی علاقوں میں بمباری اور فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف اور اہل غزہ و حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے تحت 23فروری کو شہر بھر میں 100سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے ۔ مظاہرے شہر کے اہم پبلک مقامات پر کیے جائیں گے جن سے جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع اور مقامی ذمہ داران خطاب کریں گے 

مظاہرین بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی ، اسرائیل اور امریکہ و برطانیہ سمیت اسرائیل کی سرپرستی کرنے والے دیگر ممالک کی مذمت کریں گے۔ چار ماہ سے زائد عرصے سے جاری اسرائیل کی دہشت گردی اور مسلسل بمباری نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے ، کوئی گھر اور عمارت ایسی انہیں جو متاثر نہ ہوئی ہو ۔ حتیٰ کہ اسکولوں اور ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ جنگی قوانین کے مطابق رہائشی علاقوں ، اسکولوں اور ہسپتالوں پر حملے نہیں کیے جاتے لیکن اسرائیل جنگی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہو کر جنگی جرائم کر رہا ہے اور اب تک تقریباً30ہزار فلسطینی جن میں مرد و خواتین ، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں ، شہید کیے جاچکے ہیں ۔

ان حالات میں مسلم حکمرانوں پر ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ فلسطین کے مسلمانوں  کی سیاسی ، سفارتی ، عسکری اور مالی امداد کریں اور اسرائیل کی جارحیت اور دہشت گردی کو رکوانے کے لیے عملی اقدامات کریں لیکن افسوس کہ حکمران اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے ۔