الیکشن کمیشن نے متنازعہ ،دھوکہ پر مبنی الیکشن کرواکر ملک وقوم کا سرمایہ، وقت ضائع کرکے بہت بڑا نقصان کیا،مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے متنازعہ ،دھوکہ پر مبنی الیکشن کرواکر ملک وقوم کا سرمایہ، وقت ضائع کرکے بہت بڑا نقصان کیا ۔رات کی تاریکی میں نتائج تبدیل کرکے عوام کا اعتماد انتخابات پر سے ختم ،سیاست ،پارلیمان پراعتماد ختم کرنے کی سازش کی گئی ۔جماعت اسلامی کے امیدواران اجتماعی دیرینہ مسائل پارلیمان میں اجاگر کرنے کیساتھ حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔دھاندلی زدہ الیکشن کی وجہ سے اکثر علاقوں میں سرمایہ دار ،درباری جیت جبکہ عوام کے ووٹ سے منتخب ہونے والے ہار گیے۔حرام مال ،دونمبر کی دولت سے جیتنے والے ملک وملت کیلئے ناسور بنیں گے نتائج تبدیل کرنے میں لٹیروں سے کما ل دکھا دیا ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ذمہ داران ماہانہ تنظیمی جائزہ اجلا س سے خطا ب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی جنر ل سیکرٹری زاہداختر بلوچ نائب امراء بشیراحمدماندائی ، ڈاکٹرعطاء الرحمان ،میر محمد عاصم سنجرانی ،پروفیسر محمد ایوب منصور،ڈپٹی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،احمد شاہ غازی نے شرکت کی ۔اس موقع پر بلوچستان حکومت سازی ،حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے سمیت دیگر تنظیمی سیاسی علاقائی امورپر تبادلہ خیال اور 8فروری الیکشن میں جماعت اسلامی کا بلوچستان اسمبلی میں انٹری پر شکر ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے ممبران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ عبدالمجید بادینی بلوچستان اسمبلی کے سنیٹرمشتا ق احمدخان ثابت ہوں گے جس نے نہ صرف چاروں صوبوں بلکہ اقوام عالم کے مسائل پر بھی بہترین نمائندگی کی ۔کراچی کے حافظ نعیم الرحمان،سید عبدالرشید کی طرح ثابت قدم وفعال رہیں گے جوبلاتفریق ہر علاقے وزبان کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی جہد مسلسل میں لگے رہیں گے اورذاتی تنخواہ تک کو علاقے کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کردیے ہیں۔

جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی مرکزی امیر سراج الحق کی تقلید کرتے ہوئے ایمانداری واخلاص اور نیک نیتی سے عوام کے مسائل وپریشانیاں کم کرنے کیلئے ہمہ وقت فعال وسرگرم رہیں گے۔انشاء اللہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور عبدالمجید بادینی بلوچستان کے وسائل نہ صرف وفاق سے بلکہ بلوچستان پر مسلط مافیاز سے بھی عوام کے حقوق چھین لیں گے۔ساحل سے ٹرالر مافیاز، بارڈرزسے اسٹبلشمنٹ مافیازاور سیاست پر قابض ہر قسم کے لٹیروں سے اللہ کی نصرف وتائید اورعوام کے تعاون سے بھر پور مقابلہ کریں گے ۔جماعت اسلامی کے ممبران پارلیمنٹ دیگر جماعتوں کے ممبران کی طرح نہیں جو خود توقومی دولت سے مالامال جبکہ عوام کو بدحال وپریشان کر دیے ہیں ۔ جماعت اسلامی صرف سیاسی پارٹی نہیں بلکہ ایک نظریاتی فلاحی اسلامی انقلابی عوامی تحریک ہے۔بدقسمتی سے اکثر بڑی پارٹیاں خاندانی موروثی کاروباری پراپرٹیاں بن گئی ہے جبکہ جماعت اسلامی پر کسی خاندان کا قبضہ نہیں ۔اکثر پارٹیاں عوام کی مرضی سے پالیسیاں بناتی ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی پالیسی دینی مشاورت سے قرآن و سنت کے مطابق طے کی جاتی ہیں