بیجنگ (صباح نیوز)بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے چیف ڈائریکٹر چانگ ای مو نے چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی کہانی پیش کی جائے گی ۔
چانگ ای مو نے کہا کہ اس وقت افتتاحی تقریب کی آخری ریہرسلز جاری ہیں۔اس ایونٹ کی تیاری ڈھائی سال قبل ہی شروع ہوئی تھی اور اسے مختلف انداز ، ٹیکنالوجیز اور تصورات کے امتزاج سے ترتیب دیا گیا ہے۔
بیجنگ سمر اولمپکس 2008 کی افتتاحی تقریب کی نسبت بیجنگ ونٹر اولمپکس 2022کی افتتاحی تقریب کا دورانیہ مختصر ہے اور یہ 100 منٹ کے اندر اندر مکمل ہونے والی ایک سادہ اور دلچسپ تقریب ہوگی۔چانگ ای مو نے بتایا کہ اس دفعہ تقریبا تین ہزار آرٹسٹس ثقافتی شو میں شرکت کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اس افتتاحی تقریب کو کچھ الفاظ میں بیان کرنے کا کہا جائے تو میں اسے غیر معمولی ،رومانوی ،جدید اور سائنس و ٹیکنالوجی سے مزین تقریب کہوں گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ2008 کے بیجنگ سمر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں چین کی روایتی ثقافت پر زیادہ توجہ دی گئی تھی جب کہ 2022 کے ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب،بنی نوع انسان کے مشترکہ جذبات اور تصورات پر مبنی ہوگی جس سے یہ پیغام دیا جائے گا کہ” ہم مل کر مستقبل کی جانب بڑھیں گے” ۔