لاہور(صباح نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سابق کرکٹر جاوید میانداد نے ملاقات کی ہے
۔جاوید میانداد نے چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی اور دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات میں کرکٹ کے فروغ اور پاکستانی کرکٹ کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جاوید میانداد نے پی ایس ایل 9کے کامیاب آغاز پر محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امید ہے آپ پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔جاوید میانداد نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لئے میری خدمات حاضر ہیں۔ ملاقات میں محسن نقوی نے کہا کہ جاوید میانداد کرکٹ لیجنڈ ہیں، آپ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان ٹیم کا اصل مقام بحال کرانا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں، پاکستانی ٹیم کو مضبوط بنانے کے لئے مشاورت کی جارہی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ اچھے کھلاڑی سامنے آئیں۔