اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نواز شریف عدلیہ کے خلاف سازش کا مرکزی کردار ہیں، رانا شمیم کے حلف نامے کے پیچھے بھی وہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ رانا شمیم نے شریف خاندان کے کہنے پر حلف نامہ جمع کروایا، حلف نامہ لندن میں نواز شریف کے بیٹے کے دفتر میں بیٹھ کر لکھا گیا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ 3 سال بعد رانا شمیم کا ضمیر کیسے جاگ گیا؟ باتیں بھی ہو رہی تھیں کہ رانا شمیم کو اقتدار میں آ کر پھر کوئی بڑا عہدہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق لیڈر آف اپوزیشن شہباز شریف سے آج تک کوئی وضاحت نہیں ملی، شہباز شریف سے پوچھا جائے تو کہتے ہیں کہ میرے بچوں سے پوچھیں۔
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ہا ئوس آف شریف کی ڈاکٹرائن کا وقت اب گزر چکا، چالان پیش کیے جانے کے بعد شہباز شریف کی ضمانت کا معاملہ دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب میں وزیرِ اعلیٰ اور طاہر خورشید کے خلاف درخواست کمپلینٹ ویریفیکشن کی سطح پر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خود بغیر پروٹوکول نیب کے بلانے پر پیش ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کوئی صدارتی نظام نہیں لا رہے۔