لندن(صباح نیوز) بی بی سی کے مطابق حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان گوادر سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے۔ حق دو تحریک کے امیدوار نے 2002 سے اس نشست پر مسلسل کامیابی حاصل کرنے والے بی این پی کے امیدوار حمل کلمتی کو شکست دی ہے۔حق دو تحریک 2021 میں ساحلی ضلع گوادر میں عوام بالخصوص ماہی گیروں کو درپیش مسائل پر سخت موقف کے ساتھ معرض وجود میں آئی۔
ساحلی ضلع گوادر میں لوگوں کے حقوق کے لیے موثر جدوجہد کرنے پر حق دو تحریک کو مقبولیت حاصل ہوئی جس کے نتیجے میں نہ صرف حق دو تحریک کو گزشتہ سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں گوادر شہر سے زیادہ نشستیں ملیں بلکہ عام انتخابات میں گوادر سے حق دو تحریک امیدواروں مولانا ہدایت الرحمان اور واجہ حسین واڈیلہ کو زیادہ ووٹ ملے۔حق دو تحریک کا کہنا ہے کہ گوادر اور کیچ سے بلوچستان اسمبلی کی نشست این اے 259 سے ان کے امیدوار حسین کے نتیجے کو مبینہ طور پر تبدیل کیا گیا جس کے خلاف گوادر شہر میں خواتین نے ایک بڑی احتجاجی ریلی بھی نکالی۔