نتایج کو تبدیل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی بھی احتجاج میں شامل ہے. عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ گوادر۔ جعفرآبادکے ووٹرزکاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ جاگیرداروں ،سرمایہ داروں،بارڈراورڈرگ مافیا کی دھونس دھمکی ودھاندلی کے باوجودجماعت اسلامی پر اعتماد کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،عبدالمجید بادینی کو کامیاب بنایا دوسری جانب سے ملک بھر کی طرح بلوچستان بھر میں نتایج کو تبدیل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی بھی احتجاج میں شامل ہے ۔ ووٹرزکے ووٹ کے برخلاف نتائج کوکسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا ۔نتائج کو تبدیل کرکے ملک کو انارکی اوربدامنی کی طرف لے جانے والی قوتیں عوام دشمن ہیں ۔الیکشن کمیشن ،عدلیہ اور مقتدرقوتیں نتائج کو تبدیل کرنے کے ذمہ دار ہیں تماشہ نہ کریں بلکہ عوام کے ووٹ کے مطابق نتائج دیے جائیں ۔جماعت اسلامی نتائج کو تبدیل کرنے کی ہرسازش کی مذمت کرتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اعتراض کرنے والے ووٹرز،انتخابی ایجنٹس امیدواروں کے پاس دلائل ،شواہد،ویڈیوزموجود ہونے کے باوجودمقتدر قوتوں کی زبردستی اوراپنی مرضی کے نتائج دینا نفرت، تعصب ،تقسیم درتقسیم کے سوا کچھ نہیں ۔عوام کے ساتھ ملکر الیکشن کے نتائج تبدیل کرنے والوں کی سازشیں ناکام بنائیں گے ۔واضح برتری کو بدترین شکست اور بدترین شکست کوبھاری مینڈیٹ میں تبدیل کرنے والے الیکشن کو متنازعہ بناکر حالات خراب کررہے ہیں الیکشن میں پیسہ ،دھاندلی ،سفارش کا عمل دخل کرکے الیکشن وسیاست پر سے عوام کا اعتمادختم کیا جار ہا ہے ۔عوامی مینڈیٹ کا تمام اداروں ،پارٹیوں اور مقتدر قوتوں کو احترام کرنا چاہیے۔اگر عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوں گے اور اس کے ذمہ دارمقتدر قوتیں ،اداروں کے اشاروں پر چلنے والی قوتیں ہوگی ۔عوام کے پسند کے بجائے اپنی پسند کے امیدواروں کو مسلط کرنے کے نقصانات نہ ختم ہونے والے ہوں گے ۔

جماعت اسلامی سیاسی جمہوری قوتوں اور عدل وانصاف کیساتھ ہے ۔جماعت اسلامی نے جعفرآباد اورگوادر کی طرح صوبہ بھر میں ووٹرزوہمدردوں سے ووٹ لیے ہیں جماعت اسلامی انشاء اللہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آوازاُٹھائیگی ۔بدقسمتی الیکشن کمیشن کی نااہلی ،مقتدر قوتوں کی مداخلت کی وجہ سے الیکشن کو متنازعہ ، جیت کو ہار میں تبدیل کرکے نتائج میں ردوبدل کیا گیا جس کی جماعت اسلامی مذمت کرتی ہے ۔پسند کے امیدواروں کو مسلط کرنا ملک وعوام کیساتھ زیادتی اور دشمنی کے مترادف ہے ۔بدترین دھاندلی ،دھونس دھمکی ، پیسے کی ریل پیل ، سرمایہ داروں وادارو ں کی مداخلت کے باوجود جماعت اسلامی نے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر گوادراور جعفرآباد میں شاندار کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کی ۔ انشاء اللہ انہی علاقوں کے  کامیاب ممبران کی کارکردگی کومثالی بناکر ہم دیگر علاقوں میں آئندہ کیلئے کامیابی کی راہ ہموارکریں گے