بولان(صباح نیوز) بلوچستان میں لیویز تھانے پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔
لیویز فورس کے مطابق گرگوت کے علاقے میں تھانے پر نامعلوم دہشت گردوں نے جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانے پر حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔لیویز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی ۔ اس حوالے سے قومی شاہراہ کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ۔دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے تصدیق کی ہے کہ گرگوت میں لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر)پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔