اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان تحریک انصاف نے پارٹی کی انتخابی ریلی پر دہشت گرد حملہ کی مذمت کرتے ہوئے نہتے کارکنان کی شہادتوں پر نہایت رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی پرامن انتخابی ریلی پر حملہ نگران صوبائی و وفاقی حکومتوں کی مجرمانہ ناکامی ہے، ریاستی مشینری بانی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کو جعلی اور جھوٹے مقدمات میں بھونڈے طریقے سے سزائیں دلوانے میں مصروف ہے،
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ امنِ عامہ کے ذمہ دار ادارے ننگی لاقانونیت کے ذریعے بدترین سیاسی انجینئرنگ میں مصروف ہیں جبکہ شرپسند عناصر پوری آزادی سے شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں،انتخابات سے قبل تحریک انصاف کی پرامن انتخابی سرگرمی پر اس قسم کا حملہ بادی النظر میں عوام اور تحریک انصاف کو خوفزدہ کرنے اور انتخابات پر ڈاکے کا ماحول پیدا کرنے کے مترادف ہے، غیرقانونی، غیرآئینی، غیر سیاسی اور زائدالمیعاد نگران وزیراعظم، وزیرِ داخلہ اور صوبائی حکومت جواب دیں کہ ہائی الرٹ کے باوجود کیوں تحریک انصاف کی ریلی کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا،
واقعے کی پوری تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے نگران حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی بھی تحقیق کی جائے،شہید کارکنان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ زخمیوں کے معیاری علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت گوارا نہیں کریں گے۔ شہدا کے لواحقین کیلئے صبرِجمیل اور زخمیوں کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا گو ہیں۔