راولاکوٹ( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نام نہاد یوم جمہوریہ کا دعویدار ہندوستان جمہوری آزادی کی پامالیوں میں سر فہرست ،ہندوستان میں مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ،آر ایس ایس اور ہندو توا کے نظریات دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں ،ہندوستان اپنے توسیع پسندانہ عزائم کو آگے بڑھا رہا ہے دنیا نام نہاد جمہوریت کے دعویدار ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کرے ،74سال سے کشمیری اپنے پیدائشی جمہوری حق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں 26جنوری کو پوری دنیا میں کشمیری یوم سیاہ منائیں گے
ان خیالات کااظہار انہوں نے تقاریب سے خطاب اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں بسنے والی اقلیتیں مظلومیت کی زندگی بسر کررہی ہیں انہیں ان کی رسومات تک ادا کرنے پر پابندی ہے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے مساجد کو شہید کرکے مندر تعمیر کیے جارہے ہیں ایسے میں ہندوستان کا بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے یوم جمہوریہ منانا جمہوریت کی توہین ہے مہذب دنیا کو ہندوستان کے مکروہ چہرے کو پہچاننا ہو گا
انہوں نے کہاکہ عالمی انسانی حقو ق کی تنظیموں کی رپورٹس کی روشنی میں دنیا ہندوستان کے خلاف کارروائی کرے نریندرمودی نے ظلم وجبر کا ہر ہتھکنڈا استعمال کیا اب کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے سری نگر پریس کلب پر قبضہ کر کے دنیا تک مظلوم کشمیریوں کی آواز پہنچنے کو روکنا ہے اقوام متحدہ،او آئی سی ،یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں آئے روز صحافیوں کو سچ لکھنے بولنے پر اغوا کیا جارہا ہے اخبارات پر پابندی عائد کررکھی ہے ہندوستان کشمیریوں کو دنیا سے مکمل کاٹ کر رکھنا چاہتا ہے کسی بڑے انسانی المیہ رونما ہونے سے قبل دنیا اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے ۔