جامعہ کشمیر کی میزبانی میں دو روزہ وزیراعظم پاکستان سپورٹس یوتھ پروگرام مظفر آباد میں شروع

مظفرآباد(صباح نیوز)یونیورسٹی آف آزادکشمیر کی میزبانی میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی ٹیکسلااور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ پروگرام ہینڈبال ٹیلنٹ ہنٹ کا آغاز ہوگیا۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق دوروزہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب یونیورسٹی گروانڈ میں گزشتہ روز منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی تھے جنہوں نے ایسوسی ایٹ ڈین ہیلتھ اینڈ الائیڈ سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس آزاد جموں و کشمیر ملک شوکت حیات، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز جامعہ کشمیر ڈاکٹر شرجیل سعید، ڈائریکٹر سپورٹس یو ای ٹی ٹیکسلامحمد اکمل،ڈائریکٹر سپورٹس جامعہ کشمیر نگہت نازگیلانی،انچارج اسپورٹس انٹر نیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نادیہ مختیارودیگر کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر بوائرو گرلز ہینڈ بال ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے علیحدہ علیحدہ افتتاح کیا۔

مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کس طرح کھیل کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی تندرستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔رئیس جامعہ نے اپنے خطاب میں جامعہ کشمیر کے اکیڈمک سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا بالخصوص ذکر کیا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی فراخدلانہ فنڈنگ پر ان کا شکریہ ادا کیا جس نے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے میں مکمل طور پر فعال اسپورٹس اکیڈمک ڈپارٹمنٹ کے قیام میں سہولت فراہم کی۔انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، یو ای ٹی، آئی آئی یو آئی اور حکومت آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ سپورٹس کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس شاندار ایونٹ کو ممکن بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کیں۔ڈاکٹر کلیم عباسی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

وائس چانسلر نے جامعہ کشمیر کے شعبہ سپورٹس کی تعاون سے کھیلوں کے ان مقابلوں کے انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے ڈائر یکٹر سپورٹس نگہت ناز گیلانی اور شعبہ کے آفیسران و ملازمین کی بھی تعریف کی،رئیس جامعہ نے اس موقع پر جامعہ کشمیر سمیت دیگر کالجز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی اور مہمانان میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ملک شوکت حیات نے ہائیرایجوکیشن کمیشن،جامعہ کشمیر و دیگر جامعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر یہ ان کے محکمہ کی ذمہ داری ہیکہ وہ نوجوانوں میں صحت مندانہ اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کریں مگر تعلیمی اداروں کی جانب سے اس طرح کے پروگرامز انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہیں جسے تلاش کرنے کی ضرورت ہیں۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے امیدظاہر کی کہ آزادکشمیر سے منتخب ہونے والے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست اور ملک کا نام روشن کریں گے۔اپنے اپنے خطابات میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکسلا کے ڈائریکٹر سپورٹس اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی انچارج سپورٹس نے جامعہ کشمیر کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے ایک بہترین ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد ہوا۔نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس جامعہ کشمیر نگہت ناز گیلانی نے بتایا کہ ہینڈ بال ٹیلنٹ ہنٹ کے یہ سلسلہ دوروز تک جاری رہے گا جس میں 15سے 22سال کی عمر کے کوئی بھی بچے خواہ و سکولز،کالجز یا جامعات میں داخل ہوں یا دیگر کسی شعبہ سے وابستہ ہوں حصہ لے سکتے ہیں۔