این ایل سی کی کرغزستان کے لیے براستہ چین پہلے کارگو کی کامیاب ترسیل

اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (این ایل سی)نے ٹی آئی آر سسٹم کے تحت کرغزستان کے لیے پہلا کارگو براستہ چین کامیابی سے پہنچا کر ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔اعلامیے کے مطابق این ایل سی نے اس سنگ میل کے ساتھ نہ صرف وسطی ایشیائی ریاستوں بلکہ روس اور مشرقی یورپ کے ساتھ بھی نیا تجارتی راستہ کھول دیا ہے۔ یہ اہم اقدام افغانستان کے روایتی راستے سے منسلک چیلنجوں کے پیش نظر نئے تجارتی راستے بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

ٹی آئی آر کے فعال ہونے کے بعد چین اور پاکستان کے درمیان تجارت اب سی پیک کے ساتھ مزید مستحکم ہوگی۔ اس منصوبے سے روزانہ تقریبا ایک ہزار ٹرکوں کے ذریعے تجارت کے نتیجے میں تقریبا ڈھائی ملین ڈالر کی بچت ہوگی۔اس متبادل راستے کی کامیابی پاکستان کی بین القوامی تجارت بڑھانے کے لیے راہ ہموار کرے گی۔ ساتھ ہی پاکستان علاقائی اور عالمی تجارت میں ایک فعال رکن کے طور پر ابھرے گا۔