سیٹ ایڈجسٹمنٹ، آئی پی پی رہنماؤں کے حلقوں کی فہرست ن لیگ کے حوالے


لاہور(صباح نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے پارٹی رہنماؤں کے حلقوں کی فہرست مسلم لیگ( ن)کے حوالے کر دی۔

مسلم لیگ( ن) اور استحکامِ پاکستان پارٹی کی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ایاز صادق کی رہائش گاہ پر ہوا۔اجلاس میں (ن) لیگ کی طرف سے ایاز صادق، سعد رفیق، عطا تارڑ اور ملک احمد خان نے شرکت کی جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی کے اسحاق خاکوانی، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال شریک ہوئے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی کے حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مشاورت ہوئی، دونوں جماعتوں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔آئی پی پی اور ن لیگ کے رہنماؤں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مختلف آپشنز پر غور کیا، چند روز میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی، کل ن لیگ اور آئی پی پی کی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس دوبارہ ہونے کا امکان ہے۔ جہانگیر ترین لودھراں، علیم خان اور عون چوہدری لاہور سے الیکشن لڑیں گے جبکہ فرخ حبیب فیصل آباد سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

فرخ حبیب کو عابد شیر علی والے حلقے کے بجائے کسی دوسرے حلقے سے ایڈجسٹ کیا جائے گا، اسحاق خاکوانی وہاڑی جبکہ فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ سے الیکشن لڑیں گی، گل اصغر اور احسان ٹوانہ خوشاب سے قومی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ ذوالفقار چکوال، محمد انور اٹک اور صمصام بخاری اوکاڑہ سے الیکشن لڑیں گے، چوہدری نوریز شکور ساہیوال سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند ہیں۔ہاشم ڈوگر، طالب نکئی اور آصف نکئی قصور سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

مراد راس لاہور، خالد محمود شیخوپورہ، ایاز خان نیازی خانیوال اور نعمان لنگڑیال ساہیوال سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند ہیں۔ عمران اسماعیل اور محمود مولوی کراچی سے، فیاض چوہان راولپنڈی، اجمل چیمہ فیصل آباد، مامون جعفر حافظ آباد اور رانا نذیر کامونکی سے الیکشن لڑیں گے۔