جماعت اسلامی الیکشن کے لیے100 فیصد تیارہے۔لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی الیکشن کے لیے100 فیصد تیارہے۔ قوم کرپشن فری پاکستان اور قبضہ مافیا کے خاتمے کے لیے ترازو پر مہر لگائے۔ ووٹ کی پرچی کے ذریعے ہی قوم اپنے اوپر ہونے والے ظلم کا بدلہ لے سکتی ہے۔مہنگائی ،بے روزگاری، لاقانونیت ، کرپشن، سفارش اور سود جیسی لعنت نے عظیم پاکستان کو زمین بوس کردیا ہے۔ اشیاء خوردو نوش  و اشیاء ضروریہ بلیک میں فروخت ہورہی ہیں، کسانوں کو کھاد مافیا دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہاہے ۔ ان سب مسائل کا حل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے رہنما این ایل ایف پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حسیب الرحمان ایڈووکیٹ کے چھوٹے بھائی حسن جٹ ایڈووکیٹ نائب صدر جے آئی یوتھ لاہور کی شادی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شادی میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، صوبہ پنجاب وسطی کے امیرمحمد جاوید قصوری، پنجاب وسطی کے جنرل سیکرٹری نصراللہ گورائیہ، مرکزی رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، حلقہ لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری، جے آئی یوتھ  لاہور کے صدر جبران بٹ، عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری، این ایل ایف پنجاب کے صدر امین منہاس سمیت سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عوام سے خوف زدہ لوگ الیکشن التوا کے شوشے چھوڑ رہے ہیں۔ امن و امان کے قیام اور معیشت کے استحکام کے لیے بروقت صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے،سراج الحق نے کہا کہ جاگیرداری نظام، تھانہ پٹوار کلچر، سیاسی جماعتوں پر خاندانی اجارہ داریوں کی وجہ سے ملک میں جمہوری نظام مضبوط نہیں ہو سکا۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو بار بار موقع ملا، پی ٹی آئی نے بھی وفاق میں پونے 4 سال اور خیبرپختونخوا میں 10 سال حکومت کی، عام آدمی کے حالات نہیں بدلے۔ عوام نے8 فروری کو اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، ان کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین متبادل موجود ہے۔  الیکشن کمیشن مالی اور انتظامی لحاظ سے آزاد ہو، ہم اداروں کو غیرجانبدار دیکھنا چاہتے ہیں