نیویارک (صباح نیوز)امریکا کی مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی گئی، قرارداد کے حق میں 153ووٹ پڑے جبکہ 10ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی، 23 ممالک نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر چکی، شہدا میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں، قرارداد میں جنگ بندی کے علاوہ یرغمال افراد کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دینے والے ممالک میں امریکا، اسرائیل کے علاوہ چیک ریپبلک، آسٹریا، پیراگوئے، پاپوا نیوگینی، لائیبریا اور مائیکرونیشیا سمیت نرو جیسے ممالک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کیلئے پیش کی جانے والی قرارداد کو بھی امریکا نے ویٹو کر دیا تھا، امریکا کی جانب سے قرارداد ویٹو کرنے پر متحدہ عرب امارات نے سخت مایوسی کا اظہار کیا تھا۔