رمضان شوگرمل ریفرنس، حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگرمل ریفرنس میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔

جج ملک علی ذوالقرنین اعوان نے سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی۔حمزہ شہباز حاضری کے لئے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی حاضری مکمل کر لی۔نیب  کے وکیل وارث جنجوعہ نے کہا کہ اس کیس میں بریت کی درخواستیں دائر ہوئی تھیں، اب یہ کیس گواہوں کے بیانات سے شروع ہو گا۔

احتساب عدالت نے کارروائی 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے رمضان شوگر ملز کا ریفرنس دوبارہ عدالت جمع کروا دیا تھا۔

سماعت کے بعد عدالتی احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ انتخابات کے فیئر اینڈ فری ہونے کے لئے ضروری ہے، میں جھوٹے کیس بنانے والوں کو اللہ کے حوالے کرتا ہوں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم عدالت سے سرخرو ہوئے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت میں جھوٹے کیس بنائے گئے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اس حکومت کے دوران بھی ایف آئی اے نے کہا ٹھوس ثبوت نہیں، نواز شریف بھی با عزت بری ہو رہے ہیں، جھوٹے کیس بنا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جھوٹے کیس بنائے وہ بھی آج کٹہرے میں ہیں، سب کو مل کر لوگوں کے مستقبل سے متعلق جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میں سیاسی کارکن ہوں، میری امید اور دعا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں، لیول پلیئنگ فیلڈ انتخابات کے فیئر اینڈ فری ہونے کے لئے ضروری ہے۔