خضدار (صباح نیوز) بلوچستان کے ضلع خضدار میں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھما کے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی شہید اور 2راہ گیر زخمی ہوگئے۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور وزیر داخلہ سرفراز نے دھماکے پر شدید مذمت کی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئیں اور نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاعلاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے ۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کر نے والے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے ۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بھی خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکہ میں سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ سرفرازبگٹی نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید پولیس افسر کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دھماکے میں زخمی راہگیروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، پوری قوم وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔