نگران وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمن تھریٹ کا اعتراف کرہی لیا ہے: حافظ حسین احمد

کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے آج واضح طور پر جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جان کو خطرے کے حوالے سے تھریٹ کا اعتراف کیا ہے اور ساتھ ہی انتخابات کے دوران سیکورٹی فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تھریٹ کے حوالے سے جو معلومات ہیں اس سے وزارت داخلہ کی مختلف ایجنسیوں نے اب تک کیا کاروائی کی ہے؟ حالانکہ ماضی میں بھی اس قسم کے مراسلاتی تھریٹ سیاسی رہنماؤں کو بھیجے جاتے رہے ہیں جن میں حملہ اور حملہ آور کے متعلق تفصیلات درج ہوتی رہی ہیں کہ حملہ آور کی عمر کیا ہوگی اس کے کپڑے کس قسم کے ہونگے لیکن آج تک نہ دہشت گردوں کے اقدام سے پہلے اور نہ بعد میں کسی دہشت گردی کو کیفرکردار تک پہنچایا جاسکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نگرانی کے لیے معرض وجود میں آئی ہے لیکن نگران حکومتیں دیگر کاموں میں مصروف و مشغول نظر آرہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوری طور پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے اور دہشت گردی کی روکتھام کے لیے موثر اقدامات کا نہ صرف اعلان کیا جائے بلکہ عملی اقدامات اٹھائیں جائیں۔