قومی اسمبلی کے ارکان کی وزیراعظم سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر بات چیت


اسلا م آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کے ارکان غوث بخش مہر اور سردار نصر اللہ خان دریشک نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال اور اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر حلقوں میں سیاسی طور پر منظم ہونے اور پارٹی کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔ارکان قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری، امجد خان نیازی ، شوکت بھٹی اورسید فیض الحسن نے بھی اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اوراپنے حلقوں سے متعلق سیاسی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم نے عوامی مسائل سے نمٹنے کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ۔

وزیردفاع پرویز خٹک اورارکان قومی اسمبلی محمد اقبال آفریدی، محمد فضل خان نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اپنے حلقوں سے متعلق سیاسی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم نے حلقوں میں جماعت کو سیاسی طورپر منظم اورفعال بنانے کی ہدایت کی ۔

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے بھی اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اپنے حلقے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر عامر لیاقت حسین نے حضرت عائشہ کی زندگی کے بارے میں اپنی کتا ب بھی وزیراعظم کو پیش کی ، رکن قومی اسمبلی باسط خان نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔