اسلام آباد(صباح نیوز) پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد جب وزیراعظم عمران خان جانے لگے تو صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ کے قریبی ساتھی آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں؟۔صحافی کے سوال پر وزیراعظم عمران خان خاموش رہے البتہ ان کے ساتھ موجود وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پلٹ کر صحافی سے ہی پوچھ لیا کہ کون سے ساتھی؟
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔